42. GHAIR MUSLIMON KO MAKKAH JANE KI IJAZAT KIYUN NAHI ? [Why are non-Muslims not allowed in the Holy cities of Makkah and Madinah?]
غیر مسلموں کو مکہ جانے کی اجازت کیوں نہیں؟
’’غیر مسلموں کو مقدس شہروں مکہ اور مدینہ جانے کی اجازت کیوں نہیں؟‘‘
یہ صحیح ہے کہ قانون کے تحت غیر مسلموں کو مکہ اور مدینہ جانے کی اجازت نہیں۔ مندرجہ ذیل نکات اس پابندی کی وجوہ کو واضح کرینگے:
ممنوعہ علاقہ
میں بھارت کا ایک شہری ہوں، پھر بھی مجھے کئی ممنوعہ علاقوں، مثلاًفوجی چھاؤنی کی حدود میں جانے کی اجازت نہیں۔ ہر ملک میں کئی علاقے ایسے ہوتے ہیں جہاں اس ملک کے عام شہری کو جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ وہ لوگ جو باقاعدہ فوج میں شامل ہوں یا جن کا تعلق ملک کے دفاع سے ہو، صرف ان کو جانے کی اجازت ہوتی ہے، اسی طرح اسلام بھی تمام انسانوں کے لیے عالمگیر مذہب ہے۔ اسلام کی چھاؤنی یا ممنوعہ علاقہ صرف دو مقدس شہر مکہ اور مدینہ ہیں۔ یہاں صرف وہ لوگ جو اسلام پر ایمان رکھتے ہیں اور اسلام کی حفاظت کے ذمہ دار ہیں،وہی قدم رکھ سکتے ہیں۔
ایک عام شہری کے لیے یہ بات غیر منطقی ہو گی کہ وہ فوجی چھاؤنی میں داخلے پر پابندی کے سلسلے میں اعتراض کرے ، اسی طرح غیرمسلموں کا یہ اعتراض بھی قطعی غلط ہے کہ مکہ اور مدینہ میں ان کے داخلے پر پابندی کیوں ہے۔
ویزاپالیسی
جب کوئی شخص کسی دوسرے ملک کاسفر کرتاہے، سب سے پہلے اسے ویزے کی درخواست دینی پڑتی ہے جوگویا اس ملک میں داخل ہونے کا اجازت نامہ ہے ۔ ہر ملک کے اپنے قوانین وضوابط اور ویزا جاری کرنے کی شرائط ہیں ۔ اگر ان کےمعیار اور شرائط کوپورا نہیں کیاجاتا توان کو داخلے کی اجازت نہیں ملتی ۔
ویزا جاری کرنے والے ملکوں میں سب سے زیادہ سخت قوانین امریکہ کےہیں، خاص طور پ جب تیسری دنیا کے لوگوں کوویزا دینے کا معاملہ ہو۔ ویزا حاصل کرنے سے پہلے ان کی بہت سی شرائط کوپورا کرنا پڑتا ہے ۔
جب میں سنگا پور گیاتوان کے امیگریشن فارم پر درج تھا کہ وہاں منشیات لے جانے والوں کے لیے موت کی سزامقرر ہے اور ہر ایک کو اس قانون کی پابندی کرنا پڑے گی۔ میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ موت کی سزا وحشیانہ سزاہے ۔ اگر میں ان کی شرائط سے متفق اور ان کے مطلوبہ معیار پر پورا اترتا ہوں تومجھے وہاں جانے کی اجازت ہے ۔
کسی بھی انسان کےلیے مکہ اور مدینہ جانے کی بنیادی شرط یاویزا یہ ہے کہ وہ اپنی زبان سے کہے
: لا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ مُحمدُ رَّسُولُ اللّٰہ
جس کے معنی یہ ہیں : ”اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں اور محمد اللہ کے رسول ہیں ۔ “