27. KHAANE KI SUNNATEIN [The Sunnahs of Eating]
کھانے کی سنتیں
٭ کھانے سے پہلے اور کھانے کے دوران :
٭ ’بسم اللہ ‘ کاپڑھنا:اگر شروع میں بھول جائے تو یاد آنے پر بِسْمِ اللّٰہِ فِیْ أَوَّلِہِ وَآخِرِہِ پڑھ لے۔
[ابو داؤد،ترمذی]
٭ دائیں ہاتھ سے کھانا۔
٭ اپنے سامنے سے کھانا۔
ایک حدیث میں ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے:
’’ اے بچے ! بسم اللہ پڑھواو راپنے دائیں ہاتھ سے کھاؤ اور اپنے سامنے سے کھاؤ۔‘‘
[مسلم]
٭ لقمہ گر جائے تو اسے صاف کرکے کھا لینا :
ارشا نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے:
’’ جب تم میں سے کسی شخص سے لقمہ گر جائے تو وہ اسے صاف کرکے کھا لے۔‘‘
[مسلم]
٭ تین انگلیوں کے ساتھ کھانا حدیث میں ہے کہ:
’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تین انگلیوں کے ساتھ کھاتے تھے۔‘‘
[مسلم]
اکثرو بیشتر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہی طریقہ تھا۔لہذا یہی افضل ہے۔ہاں اگر مجبوری ہو تو کوئی دوسرا طریقہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔
٭ کھانے کے دوران بیٹھنے کی کیفیت اپنے گھٹنوں اور پیروں کے بل بیٹھنا یا دائیں پاؤں کو کھڑا کرکے بائیں پاؤں پر بیٹھنا۔حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے فتح الباری میں اسے مستحب قرار دیا ہے۔
٭ کھانے کے بعد :
٭ پلیٹ اور انگلیوں کو چاٹنا :
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے پلیٹ او رانگلیوں کو چاٹنے کا حکم دیتے ہوئے فرمایا:
’’ تمھیں نہیں معلوم کہ برکت کس میں ہے۔‘‘
[مسلم]
٭ کھانے کے بعد اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا:
ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے:
’’ بے شک اللہ تعالیٰ بندے سے اس وقت راضی ہو جاتا ہے جب وہ کوئی چیز کھاتا ہے تو اس کا شکر ادا کرتا ہے۔‘‘
[مسلم]
اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم درج ذیل الفاظ کے ساتھ کھانے کے بعد اللہ کا شکر ادا کرتے تھے:
﴿اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ أَطْعَمَنِیْ ہٰذَاوَرَزَقَنِیْہِ مِنْ غَیْرِ حَوْلٍ مِّنِّیْ وَلاَ قُوَّۃٍ﴾
’’ تمام تعریفیں اس اللہ کیلئے ہیں جس نے مجھے یہ کھانا کھلایااور میری کوشش او رطاقت کے بغیر مجھے یہ عطا فرمایا۔‘‘
اس دعا کی فضیلت حدیث میں یوں بیان کی گئی ہے:
’’ اسے پڑھنے والے کے پچھلے گناہ معاف کردئے جاتے ہیں۔‘‘
[ابو داؤد،ترمذی،ابن ماجہ … حافظ ابن حجر اور البانی نے اسے حسن قرار دیا ہے]
کھانے کی مذکورہ سنتوں پر اگر دن اور رات کے تینوں کھانوں میں عمل کیا جائے تو اس طرح ۲۱ سنتوں پر عمل ہو گااور اگر تینوں کھانوں کے درمیان کوئی اورہلکی پھلکی غذا بھی کھائی جائے تو سنتوں کی مذکورہ تعداد میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔
ريفرينس:
“دن اور رات ميں ۱۰۰۰ سے زياده سنتيں”
تاليف: “الشيخ خالد الحسينان”
اردو ترجمعه: “ڈاکٹر حافظ محمد اسحاق زاهد”