Search
Sections
< All Topics
Print

26. MAJLIS BARKHAAST KARNE KI SUNNATEIN [ The Sunnahs of Leaving a Meeting]

مجلس سے اٹھ کر جانے کی سنت

 

مجلس سے اٹھ کر جاتے ہوئے یہ دعا پڑھنی چاہیے:

 

﴿سُبْحَانَکَ اللّٰہُمَّ وَبِحَمْدِکَ أَشْہَدُ أَنْ لَّا إِلٰہَ إِلَّا أَنْتَ أَسْتَغْفِرُکَ وَأَتُوْبُ إِلَیْکَ﴾

 

’’ اے اللہ ! تو پاک ہے او راپنی تعریف کے ساتھ ہے۔میں گواہی دیتا ہوں کہ تیرے سوا کوئی سچا معبود نہیں،میں تجھ سے معافی چاہتا ہوں اور تیری طرف رجوع کرتا ہوں۔‘‘

 

اس دعا کو پڑھنے کی فضیلت حدیث میں یوں بیان کی گئی ہے:

 

’’اس دعا کو پڑھنے سے دوران مجلس جو گناہ سرزد ہوتے ہیں،انھیں معاف کردیا جاتا ہے۔‘‘

[سنن اربعہ]

 

انسان دن اور رات میں کئی مجالس میں شریک ہوتا ہے۔مثال کے طور پر:

 

٭ جب وہ دن اور رات میں تین مرتبہ اپنے اہل خانہ یا ساتھیوں کے ساتھ مل کر کھانا کھاتا ہے۔

٭ جب وہ اپنے دوست یا کسی پڑوسی سے ملاقات کرتا ہے،اگرچہ کھڑے کھڑے اس سے بات چیت کرکے چلا کیوں نہ جائے۔
٭ جب وہ دورانِ ڈیوٹی اپنے ساتھی ملازمین کے ساتھ یا سکول و کالج میں اپنے ہم کلاس طلبہ کے ساتھ رہتا ہے۔
٭ جب وہ اپنے اہل وعیال کے ساتھ ہوتا ہے اور ان کے ساتھ کئی امور پر تبادلۂ خیالات کرتا ہے۔
٭ جب وہ کسی کو اپنے ساتھ لیکر گاڑی میں گھومتا ہے یا اس کے ساتھ کسی کام پر جاتا ہے۔
٭ جب وہ کوئی درس یا لیکچر سننے کیلئے دیگر حاضرین کے ساتھ بیٹھتا ہے۔
لہذا ذرا سوچیں ! ان مجلسوں میں سے کتنی مجلسیں ایسی ہیں جن سے اٹھ کر جاتے ہوئے آپ مندرجہ بالا دعا کو پڑھتے ہیں؟اور اگر آپ اس دعا کے معنی میں غور فرمائیں تو آپ کو معلوم ہوگا کہ یہ دعا انتہائی عظیم ہے۔اس کے ذریعے انسان ہمیشہ اللہ کے ساتھ اپنا تعلق قائم رکھتا ہے،اس کی تعریف کرتا ہے،اسے عیبوں سے پاک ذات قرار دیتا ہے،اس کی وحدانیت کا اقرار کرتا ہے اور اپنی کوتاہیوں پر اللہ سے معافی مانگتا ہے اور ان سے توبہ کرتا ہے۔سو کتنی عظیم ہے یہ دعا کہ اس میں توحید بھی ہے،اللہ کی تعریف بھی ہے اور اپنے گناہوں پر اظہارِ شرمندگی بھی ہے۔

امام ابن القیم رحمہ اللہ کہتے ہیں:

 

اپنے دوستوں کے ساتھ اجتماع دو قسم کا ہوتا ہے:

1.  ایک اجتماع محض وقت گذارنے اور طبیعت کو خوش کرنے کیلئے ہوتا ہے۔اوراس میں فائدہ کم اور نقصان زیادہ ہوتا ہے۔کم از کم نقصان یہ ہوتا ہے کہ یہ دل کو فاسد اور وقت کو ضائع کرتا ہے۔

2 دوسرا اجتماع ایک دوسرے کو حق بات کی وصیت کرنے اورنجات پانے کے اسباب پر ایک دوسرے سے تعاون کرنے کیلئے ہوتا ہے۔اور یہ اجتماع سب سے زیادہ نفع بخش اور بہت بڑی غنیمت ہوتا ہے۔

 

 

ريفرينس:
“دن اور رات ميں ۱۰۰۰ سے زياده سنتيں”
تاليف: “الشيخ خالد الحسينان”
اردو ترجمعه: “ڈاکٹر حافظ محمد اسحاق زاهد”
Table of Contents